جاز ورلڈ کا دو اسٹریٹجک شراکت داریوں کا اعلان
بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پرکیا گیا، مفاہمت کی یادداشت پردستخط مقصد خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینا، مقامی سطح پرجدت کی حوصلہ افزائی ہے
اسلام آباد (بزنس رپورٹر)پاکستان کی معروف مربوط ڈیجیٹل سروس کمپنی جاز ورلڈ نے بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) کے موقع پر جی ایس ایم اے ایکوسسٹم کے ساتھ دو اسٹریٹجک شراکت داریوں کا اعلان کیا ہے ، جن کا مقصد خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینا اور مقامی سطح پر جدت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔ جی ایس ایم اے کنیکٹڈ ویمن اقدام کے تحت جاز ورلڈ نے 2028 تک اپنے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر خواتین کی بامعنی شرکت بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے جاز ورلڈ اپنے اہم پلیٹ فارمز بشمول جی ایس ایم، تماشا، سم اوسا، فکر فری، اپنا کلینک اور زر پر خواتین کی شرکت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کرے گا۔ ان کوششوں کے ساتھ ساتھ جاز ورلڈ نے جی ایس ایم اے کی موبائل فار ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں، جس کے تحت جی ایس ایم اے انوویشن فنڈ کے لیے منتخب پاکستانی اسٹارٹ اپس کو مشترکہ طور پر مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ جی ایس ایم اے کے چیف ریگولیٹری آفیسر اور جی ایس ایم اے فاؤنڈیشن کے صدر جان جیوستی نے کہا جاز ورلڈ پاکستان کے ڈیجیٹل منظرنامے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ ہمیں خوشی ہے کہ جی ایس ایم اے انوویشن فنڈ کے ذریعے پاکستان میں مثبت سماجی اثرات پیدا کرنے والے کاروباری افراد کی حمایت کے لیے جاز ورلڈ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔