اعصام الحق سمیت کئی پاکستانی عالمی ٹینس کمیٹیوں میں شامل
سلیم سیف اللہ کو فنانس کمیٹی، ضیاء الدین جونیئر اینڈ کوچز ڈیویلپمنٹ کمیٹی کاحصہ کمیٹیوں میں شمولیت سے عالمی ٹینس میں پاکستان کا کردار مضبوط ہوگا :اعصام الحق
لاہور(سپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) اور ایشین ٹینس فیڈریشن (اے ٹی ایف)نے 2026 سے 2027 تک کی مدد کیلئے مختلف اہم کمیٹیوں میں پاکستانی عہدیداروں کو شامل کرلیا،آئی ٹی ایف کمیٹی میں پاکستان کے اعصام الحق کو آئی ٹی ایف کی ایتھلیٹ کمیشن میں شامل کیا گیا ہے جبکہ اس کمیشن میں ان کے ساتھ دنیا کے معروف سابق ٹینس کھلاڑی بھی شامل ہیں۔سلیم سیف اللہ کو فنانس کمیٹی، ڈیولپمنٹ ایڈوائزر گروپ، لیگل، آئین و ایتھکس کمیٹی میں مقرر کیا گیا ہے جبکہ ضیاء الدین جونیئر اینڈ کوچز ڈیویلپمنٹ کمیٹی، راشد ملک کو مارکیٹنگ اینڈ سپانسرشپ کمیٹی، شہزاد اختر ٹورنامنٹ آفیشیئٹنگ کمیٹی، سارہ منصور ایڈوانٹیج آل کمیٹی اور خالد رحمانی کو ، وہیل چیئر اور بیچ ٹینس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سرپرست سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے کہا کہ ان تقرریوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی ٹینس اداروں کو پاکستانی عہدیداروں کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور وہ عالمی سطح پر ٹینس کی ترقی اور گورننس میں اپنا کردار ادا کرینگے ،پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے اس پیش رفت کو ملک کیلئے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نمائندوں کی ان اہم کمیٹیوں میں شمولیت سے عالمی ٹینس میں پاکستان کا کردار مزید مضبوط ہوگا اور خطے میں کھیل کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہونگے ۔