ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے 200 کلسٹرز کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم

ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے 200 کلسٹرز کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم

کراچی(بزنس رپورٹر)وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا

جس میں پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے کو مضبوط بنانے اور ان کی قومی معیشت میں شمولیت بڑھانے کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ ممبر مشہود علی خان نے شرکاء کو ایس ایم ایز کی معاونت، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے فروغ کے لیے متعارف کرائی گئی نئی حکمت عملی اور اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ہارون اختر خان نے بتایا کہ ملک بھر کے مختلف کاروباری شعبوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے 200 سے زائد ایس ایم ای کلسٹرز کی رجسٹریشن پر مشتمل ایک آن لائن ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم کر دیا گیا ہے ،اس پلیٹ فارم کے ذریعے شہد کی پیداوار سے وابستہ کاروبار سے لے کر زیتون کے تیل کی پروسیسنگ کرنے والے یونٹس سمیت مختلف شعبوں کے کاروباری کلسٹرز کو ایک ویب سائٹ کے ذریعے باہم منسلک اور قابلِ رسائی بنایا گیا ہے ۔انکا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم کے وژن کے مطابق اسمال میڈیم انٹرپرائزز کلسٹرز کی رجسٹریشن اور ڈیجیٹلائزیشن سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ معاونِ خصوصی نے مزید بتایا کہ سمیڈا ان کلسٹرز کو ویلیو ایڈیشن، برانڈنگ اور ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں خصوصی تربیت فراہم کرے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں