مراعات یافتہ طبقات کا مفت پٹرول بند کیاجائے ،بزنس فورم
کراچی(بزنس رپورٹر)پاک انٹرنیشنل بزنس فورم نے پٹرولیم کی قیمتوں میں اچانک اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اور اسے عوام پر معاشی بوجھ ڈالنے کے مترادف قراردیا ۔
فورم کے صدر سہیل عزیز،جنرل سیکریٹری عامر رفیح اور فورم کے دیگر رہنماؤں نے ایک بیان میں کہا کہ خطے کی صورتحال یقینا ًتشویشناک ہے لیکن اگر حکومت کے پاس ایک ماہ کا اسٹاک موجود تھا تو پہلے مرحلے میں بچت کے اقدامات کئے جانے چاہیے تھے ، سب سے پہلے سرکاری افسران،ارکان اسمبلی،وزرا اور دیگر مراعات یافتہ طبقات کا مفت پٹرول بند کیا جانا چاہیے تھا، دوسرے یہ کہ اگر قیمت بڑھانی ضروری بھی تھی تو رفتہ رفتہ اضافہ کیا جاسکتا تھا،ہر ہفتے جائزہ لے کر یہ کام ہوسکتا تھا۔ بزنس فورم کی ریسرچ ٹیم نے بتایا کہ ایک جائزے کے مطابق آبنائے ہرمز کے راستے تیل حاصل کرنے والے ممالک، بھارت، چین اور جاپان میں قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے ۔ یہ صورتحال اس امر کا تقاضا کرتی ہے کہ ملک بھر کے تاجروں، صنعتکاروں ، صارفین اور عوامی نمائندوں کا مشترکہ اجلاس بلا کر مشورہ کیا جائے اور عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے قومی اور عوامی مفاد میں حکمت عملی وضع کی جائے ۔