فروری:روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں24.18کروڑڈالر جمع
7ہزار 643نئے اکاؤنٹس کھلے ،کل حجم12ارب 17کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا
کراچی(بزنس رپورٹر)فروری میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 24 کروڑ 18 لاکھ ڈالر جمع کرائے گئے جبکہ ماہانہ بنیاد پر اس میں 2 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کا خالص اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر 2020 میں آغاز کے بعد سے اب تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مجموعی آمد 12 ارب 17 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے ۔فروری 2026کے دوران روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے 14 کروڑ67 لاکھ ڈالر پاکستان میں مختلف سرمایہ کاری اور دیگر مالی سرگرمیوں میں استعمال کیے گئے ۔
اسی مدت میں 2 کروڑ 13 لاکھ ڈالر منافع کی مد میں بیرون ملک منتقل کیے گئے جبکہ فروری کے اختتام پر واجب الادا ذمہ داریوں کی مجموعی مالیت 7 کروڑ 38 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 1 ارب 60 کروڑ ڈالر جمع کرائے گئے ،اس عرصے میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے اکاؤنٹس کھلوانے کا رجحان بھی برقرار رہا اورصرف فروری 2026 کے دوران 7 ہزار 643 نئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے گئے ،تازہ اضافے کے بعداکاؤنٹس کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 9 ہزار 407 ہو گئی ۔