اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے مندی کا رجحان غالب رہا

اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے مندی کا رجحان غالب رہا

انڈیکس میں مجموعی 3ہزار 629پوائنٹس کی کمی سے 2.60فیصد گراوٹ ہوئی بلند ترین سطح 158ہزار 624، کم ترین 144ہزار 119پوائنٹس ریکارڈ کی گئی

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران مندی کا رجحان غالب رہا، جسکے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 100 انڈیکس ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 3 ہزار 629 پوائنٹس کی کمی سے دو اعشاریہ 60 فیصد گر کر 153 ہزار 866 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، اعداد و شمار کے مطابق کے ایس ای100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 158 ہزار 624 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 144 ہزار 119 پوائنٹس رہی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کی وصولی، عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال اور بعض شعبوں میں فروخت کے دباؤ نے مارکیٹ کو نیچے کی جانب دھکیلنے میں کردار ادا کیا، ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر 2 ارب 25 کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا جن کی مالیت تقریباً 132 ارب روپے رہی۔تاہم حصص کی قیمتوں میں کمی کے باعث سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر تقریباً 369 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، مارکیٹ کی مجموعی مالیت یعنی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن بھی کم ہو کر 17 ہزار 329 ارب روپے رہ گئی۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتوں میں سرمایہ کاروں کی توجہ معاشی اشاریوں، حکومتی مالیاتی پالیسیوں اور عالمی منڈیوں کی صورتحال پر مرکوز رہے گی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آتی ہے تو اسٹاک مارکیٹ میں دوبارہ تیزی کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں