امریکی بحری بیڑا جیرالڈآر فورڈ مشرق وسطیٰ سے روانہ
طیار ہ بردار بحری جہاز 10ماہ سے سمندر میں، کئی کارروائیوں میں حصہ لیا
واشنگٹن(اے ایف پی)ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ جنگ میں ایران کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے والا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈآر فورڈ مشرقِ وسطیٰ سے روانہ ہو گیا ہے جبکہ اس خطے میں اب بھی دو بڑے امریکی جنگی بحری جہاز موجود ہیں۔عہدیدار کے مطابق فورڈ اس وقت امریکی یورپی کمان کے دائرۂ اختیار میں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی بحریہ کے باقی جہازوں کی تعداد تقریباً 20 ہے ، جن میں طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن اور یو ایس ایس جارج بش بھی شامل ہیں۔یو ایس ایس فورڈ سمندر میں 10 ماہ سے زائد عرصے سے موجود تھا۔ اس دوران اس نے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ کیریبین میں بھی امریکی کارروائیوں میں حصہ لیا، جہاں امریکی افواج نے مبینہ منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں، پابندیوں کے شکار جہازوں کی روک تھام اور وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف اقدامات کئے ۔12 مارچ کو جہاز کے اندر لانڈری روم میں آگ لگنے سے دو ملاح زخمی ہوئے اور تقریباً 100 بستروں کو نقصان پہنچا۔مزید براں، امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز کے ٹوائلٹ سسٹم میں بھی مسائل پیدا ہوئے ، جس کے باعث بندشیں اور طویل قطاریں دیکھی گئیں۔امریکااور ایران کے درمیان اس وقت غیر معینہ مدت کی جنگ بندی موجود ہے ، لیکن تنازع ختم نہیں ہوا۔ ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے جبکہ امریکہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جاری رکھے ہوئے ہے ۔