مبینہ پولیس مقابلے، بچوں سے زیادتی کے 2 ملزم، 5 ڈاکو ، 1 منشیات فروش ہلاک

 مبینہ پولیس مقابلے، بچوں سے زیادتی کے 2 ملزم، 5 ڈاکو ، 1 منشیات فروش ہلاک

ننکانہ میں سجاد ،گوجرانوالہ علی حمزہ ،کامونکے آصف،سوہدرہ فہد عرف فادی ، جلالپور جٹاں میں کفایت علی ہلاک ہوا صادق آباد پولیس کے 13 اہلکاروں کی شہادت میں ملوث فرید میرانی ساتھی بھورو سمیت ، غازی پور میں دلشادمارا گیا

لاہور(نمائندگان دنیا )پنجاب کے مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے ،بچوں سے زیادتی کے 2ملزموں ، 5ڈاکوؤں سمیت 8 ہلاک، 4زخمی حالت میں گرفتاربھی کر لئے گئے ۔بتایاگیا ہے کہ ضلع ننکانہ صاحب کے تھانہ صدر شاہکوٹ کی حدود میں سی سی ڈی اہلکاروں اور موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکولاہور کا رہائشی محمد سجاد ہلاک ہوگیا۔ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزم 20 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ادھر ماچھکہ تحصیل صادق آباد میں 13 پولیس ملازمین کی شہادتوں میں نامزد ملزم فرید میرانی اپنے ساتھی بھورو عرف بھورل کیساتھ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

علاوہ ازیں رحیم یارخان کے موضع اکرم آباد میں غازی پور کا رہائشی ڈاکو دلشاد احمد ہلا ک ہو گیا ۔دریں اثناء گوجرانوالہ میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں چوری و ڈکیتی کی 34 وارداتوں میں مطلوب ایمن آباد کا رہائشی خطرناک ملزم علی حمزہ مارا گیا جبکہ ساتھی فرار ہوگئے ۔ کامونکے میں تھانہ ایمن آباد کے سب انسپکٹر محمد اشتیاق ٹیم کے ہمراہ نند پور پلی پر ناکہ لگائے کھڑے تھے کہ اس دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار افراد نے فائرنگ کر دی ،جوابی کارروائی میں ملزم محمد آصف گجر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا جبکہ ساتھی فرار ہوگئے ، ملزم اغواء اور منشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ ادھر وزیرآباد کے تھانہ سوہدرہ کی حدود میں پولیس مقابلہ کے دوران 7 سالہ بچی سے زیادتی کے مقدمہ کا ملزم فہد عرف فادی مارا گیا۔

ملزم تھانہ صدر وزیر آباد پولیس حراست سے فرار ہوگیا تھا اور تھوڑی دیر بعد مبینہ مقابلے کے دوران اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، اس دوران فائر لگنے سے کانسٹیبل علی رضا زخمی ہوگیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا ۔ علاوہ ازیں جلالپور جٹاں تھانہ سٹی کے علاقہ محلہ بغدادی میں پولیس سے مقابلہ میں کفایت علی نامی ملزم دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق ملزم کم عمر بچوں کے ساتھ زیادتی میں ملوث تھا، اس نے 2021 میں ایک بچے کو زیادتی کے بعد قتل بھی کر دیا تھا۔

علاوہ ازیں ساہیوال میں تھانہ یوسف والا کی حدود میں اڈہ73/5-L کے قریب پولیس سے مبینہ مقابلے میں موٹرسائیکل سوار4 ملزموں میں سے 2 زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ہیں ، ان کی شناخت ساجداورفاروق کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں چیچہ وطنی کے علاقہ کسووال کی حدودمیں 101بارہ ایل کے قریب مبینہ مقابلے میں خطرناک ڈاکو محسن شفیق زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا۔ملزم بوریوالا کا رہائشی اور 32سے زائد ڈکیتی و رہزنی کے مقدمات میں ریکارڈیافتہ ہے ۔ اسی طرح بصیرپور کے نواحی موضع ونانوالی کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو عباس ذوالفقار زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم لاہور ،بصیرپورسمیت مختلف علاقوں میں 12 مختلف مقدمات میں ریکارڈیافتہ پایاگیا، زخمی ڈاکومتعلقہ ہسپتالوں میں داخل کرا دیئے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں