بچوں کی پرورش صرف ماں کی ذمے داری نہیں: ثروت گیلانی
لاہور(شوبزڈیسک )معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے ایک مارننگ شو میں کہا کہ بچوں کی پرورش صرف ماں کی ذمے داری نہیں ہے ،اکثر مائیں بچوں کے ساتھ سخت رویہ اس لیے اختیار کرتی ہیں کیونکہ وہ صبح سے رات تک بچوں کی مکمل دیکھ بھال، تعلیم، خوراک، ہوم ورک اور روزمرہ نظم و ضبط سنبھال رہی ہوتی ہیں۔
جب ایک ماں پورا دن بچوں کو پڑھانے ، کھانا کھلانے ، ذمے داریاں سکھانے اور ان کی مزاحمت برداشت کرنے میں گزارتی ہے تو دن کے اختتام پر اس کا صبر جواب دے جانا فطری بات ہے ، اکثر شوہر صرف وہ لمحہ دیکھتے ہیں جب ماں غصے یا تھکن کا اظہار کرتی ہے ، لیکن وہ پورے دن کی مسلسل ذہنی اور جسمانی محنت کو نظر انداز کر دیتے ہیں اگر والدین کے کردار وقتی طور پر تبدیل کر دیے جائیں تو بیشتر مرد چند لمحوں میں ہی اس دباؤ سے عاجز آ سکتے ہیں ۔انہوں نے مردوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیویوں کی محنت، برداشت اور والدین کے طور پر ان کی کوششوں کو سراہیں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور بچوں کے سامنے ان کے کردار کی تعریف کریں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جو والد جذباتی یا جسمانی طور پر بچوں سے دور رہتے ہیں، ان کی اپنی زندگی میں بھی اکثر والد کی عدم موجودگی یا والدین کے کشیدہ تعلقات کا اثر شامل ہوتا ہے۔