ٹریفک حادثات، موٹرسائیکل سوار 3دوستوں سمیت 4 جاں بحق

ٹریفک حادثات، موٹرسائیکل سوار 3دوستوں سمیت 4 جاں بحق

کھاریاں کے قریب آئل ٹینکر کی ٹکر سے سمیع اﷲ،وسیم ، احمد ندیم چل بسے حافظ آباد میں تیز رفتار موٹرسائیکل رکشہ کی ٹکر سے راہگیر یونس نے دم توڑا

لالہ موسیٰ ،حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندگان دنیا) گجرات کے علاقے پنجن کسانہ ہائی وے کھاریاں کے قریب آئل ٹینکر سے تصادم میں موٹرسائیکل سوار 3دوست،حافظ آباد میں رکشہ کی ٹکر سے معمر راہگیر جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کھاریاں کے گاؤں جنڈانوالہ کے رہائشی 3دوست موٹر سائیکل پر کھاریاں سے لالہ موسیٰ کی طرف جا رہے تھے کہ جی ٹی روڈ پر پنجن کسانہ کے قریب تیز رفتاری سے یوٹرن لینے کے دوران ان کی موٹرسائیکل سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

جس کے نتیجہ میں 16 سالہ سمیع اﷲ، 20 سالہ وسیم اظہر اور 19سالہ احمد ندیم موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، اطلاع پر ریسکیو عملہ اور پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی ،لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کھاریاں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ادھر حافظ آباد میں محلہ مغل پورہ کے قریب گھوڑا چوک سے 60 سالہ محمد یونس اپنے گھر واپس آرہا تھا کہ اسے تیز رفتار موٹر سائیکل رکشہ نے ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا،اسے فوری ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں