وزیراعظم زمینی تنازعات کیلئے خصوصی بینچز بنانے پرآمادہ
لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن اور اوورسیز سرمایہ کاری پر ٹیکس ریلیف پر اتفاق شہبازشریف سے آباد وفد کی ملاقات،جلد کراچی کا دورہ کرنے کی یقین دہانی
کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)وزیرِ اعظم اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے وفد کے درمیان اہم ملاقات وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہوئی جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔باوثوق ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کے پراپرٹی اور تعمیراتی شعبے کو درپیش چیلنجز، ٹیکسز، سرمایہ کاری کے مواقع اور آئندہ بجٹ میں ممکنہ ریلیف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے ملک بھر میں زمینی تنازعات کے فوری حل کیلئے خصوصی عدالتی بینچز کے قیام کی تجویز پر گرین سگنل دے دیا جس سے زیرِ التوا کیسز کے تیز رفتار فیصلے ممکن ہوسکیں گے ،اس کے علاوہ زمینوں کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کے مطالبے پر وزیرِ اعظم نے وزیرِ خزانہ کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا تاکہ شفافیت بڑھائی جا سکے اور فراڈ کے امکانات کم ہوں ،اہم ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کو پراپرٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کیلئے ٹیکس ریلیف دینے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ گوادر میں تعمیراتی صنعت کیلئے ون ونڈو آپریشن کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق گوادر کو ٹیکس فری زون بنانے کی پالیسی بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور جلد اس کا باضابطہ اعلان متوقع ہے ۔ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ پراپرٹی پر عائد سیکشن سیون ای کے خاتمے اور پراپرٹی ٹرانزیکشنز پر ٹیکسز کی شرح میں کمی کی تجاویز پر بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے آباد وفد کی درخواست پر جلد کراچی کا دورہ کرنے کی حامی بھی بھر لی ہے جہاں وہ مقامی تعمیراتی شعبے کے نمائندوں سے براہِ راست ملاقات کریں گے ۔