کراچی بندرگاہ پر پہلی بار جنرل کارگو جہاز کی کامیاب برتھنگ
عالمی تجارتی نیٹ ورک میں پاکستان کا کردار مزید مضبوط ہوگا،جنید انوار چوہدری
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی اصلاحاتی پالیسیوں کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے جہاں کراچی بندرگاہ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار مکمل جنرل کارگو ٹرانس شپمنٹ جہاز کی کامیاب برتھنگ کے ذریعے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔وزیر بحری امور نے اس پیشرفت کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف بندرگاہی سرگرمیوں میں وسعت آئے گی بلکہ عالمی تجارتی نیٹ ورک میں پاکستان کا کردار بھی مزید مضبوط ہوگا۔ ایم وی ارلن نامی جنرل کارگو جہاز کی کراچی پورٹ پر کامیاب آمد اور برتھنگ اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان کی بندرگاہیں اب روایتی کنٹینر ٹرانس شپمنٹ سے آگے بڑھ کر جدید اور متنوع تجارتی سرگرمیوں کی جانب گامزن ہیں۔ماضی میں کراچی بندرگاہ پر صرف کنٹینرز کی ٹرانس شپمنٹ ہوتی تھی تاہم اب جنرل کارگو، بلک، بریک بلک اور گاڑیوں کی ہینڈلنگ کی سہولت فراہم کیے جانے سے تجارتی دائرہ کار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ۔ جنید انوار کا کہنا تھا کہ یہ پیشرفت دراصل حکومت کی بندرگاہی اصلاحات، آپریشنل بہتری اور سہولت کاری کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس کا مقصد پاکستان کو خطے میں ایک اہم ٹرانسشپمنٹ ہب کے طور پر ابھارنا ہے ۔