اسٹاک مارکیٹ:بذریعہ سہولت اکاؤنٹ سرمایہ کاری حد 30لاکھ مقرر
پہلے 10لاکھ تھی، ایک سے زائد بروکرز کے ساتھ اکاؤنٹ کھولا جاسکے گا، اعلامیہ
کراچی(کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں سہولت اکاؤنٹ کے ذریعے سرمایہ کاری کی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کر دی گئی ہے ۔سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کار اب ایک سے زائد بروکرز کے ساتھ سہولت اکاؤنٹس کھول سکیں گے ۔اعلامیے کے مطابق سہولت اکاؤنٹ شناختی کارڈ کے ذریعے آن لائن کھولا جا سکتا ہے ۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں انفرادی سرمایہ کاروں کی تعداد 5 لاکھ 42 ہزار ہے ، جبکہ انویسٹر اکاؤنٹس اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار ہے ۔اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نوجوان سہل اکاؤنٹ کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کریں اور غیر مجاز غیر ملکی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے بجائے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں۔ علاوہ ازیں سہولت اکاؤنٹ کم رسک والے ریٹیل سرمایہ کاروں اور پہلی بار سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے لیے موزوں ہے جو روایتی اکاؤنٹ کھولنے کے پیچیدہ طریقہ کار کی وجہ سے سرمایہ کاری سے ہچکچاتے ہیں اس وقت تمام لائسنس یافتہ سکیورٹیز بروکرز سہولت اکاؤنٹس کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔سہولت اکاونٹ آن لائن بھی کھولے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت اسٹاک مارکیٹ میں انفرادی سب اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد 542,748 ہے ان میں سے 144,634 اکاؤنٹس انویسٹر اکاؤنٹس (انفرادی) ہیں، جن میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے سرمایہ کار بھی شامل ہیں۔