رواں مالی سال گاڑیوں،اسمارٹ فونز کی درآمد میں نمایاں اضافہ

رواں مالی سال گاڑیوں،اسمارٹ فونز کی درآمد میں نمایاں اضافہ

جولائی سے فروری کے دوران مجموعی درآمدات 45ارب ڈالر سے متجاوز

کراچی(این این آئی)پاکستان کاغیرملکی مصنوعات پرانحصار بڑھنے لگا،موجودہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران گاڑیوں اور اسمارٹ موبائل فونز سمیت متعددغیرملکی لگژری اشیاکی درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا،مجموعی درآمدات 45 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں،آئی ایم ایف کی ایک قسط سے زیادہ مالیت کے تو صرف اسمارٹ موبائل فونز اور گاڑیاں امپورٹ کی گئیں،زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں کھانے پینے کی اشیا کی درآمد بھی بڑھ گئیں۔دستاویز کے مطابق جولائی سے فروری تک مجموعی درآمدات میں 8.21 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد ان کا حجم 45 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا،اس عرصے کے دوران درآمدات میں 3 ارب 45 کروڑ 90 لاکھ ڈالرکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دستاویز کے مطابق اسمارٹ موبائل فونز اورمہنگی گاڑیوں سمیت دیگر لگژری اشیا کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ،جولائی تا فروری کے دوران 1.29 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریبا 30 فیصد زیادہ ہیں۔اسی طرح مہنگی کاروں کی درآمدات میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا،جو 126 فیصد اضافے کے ساتھ 1.53 ارب ڈالر سے تجاوزکرگئیں،کاروں سمیت ٹرانسپورٹ کے شعبے کی مجموعی درآمدات میں 87 فیصد اضافہ ہوا، حجم 2.58 ارب ڈالر رہا۔رپورٹ کے مطابق زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں کھانے پینے کی اشیا کی درآمدات بھی بڑھ گئی ہیں،جولائی تافروری کے دوران غذائی اشیا کی درآمدات میں 18.42 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا حجم 6.41 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً ایک ارب ڈالرکی اضافی غذائی اشیا درآمد کی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں