ایران جنگ سے معاشی بحالی متاثر ہونیکاخدشہ،میاں زاہد
آئندہ مالی سال ملک کو بڑے بیرونی جھٹکے کا سامنا ہوسکتا ،انڈسٹریل الائنس
کراچی (این این آئی)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلزفورم اورآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد نے امریکہ، اسرائیل اورایران کے درمیان بڑھتی جنگی کشیدگی پرشدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ اس صورتحال سے عالمی توانائی منڈی کوغیر معمولی دھچکا لگ رہا ہے جوپاکستان کی نازک معاشی بحالی کو متاثر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمزمیں شدید خلل کے بعد عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 105 ڈالرفی بیرل سے تجاوزکرگئی جبکہ ایل این جی کی قیمت بھی 8.72 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث پاکستان کوتوانائی کے بڑے معاشی جھٹکے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافہ دراصل آنے والے بڑے معاشی دباؤکی ابتدائی علامت ہے جو ہمارے حالیہ معاشی استحکام کی کوششوں کو متاثر کرے گا جس کے باعث پاکستان کی جی ڈی پی میں ایک فیصد کی کمی ہو سکتی ہے ۔