اسٹاک مارکیٹ میں مندی،انڈیکس 1551پوائنٹس گنوابیٹھا
سرمایہ کار تذبذب کا شکار،100انڈیکس 152740.27پوائنٹس پر بند 187ارب روپے سے زائد خسارہ، 55.06فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)سعودی عرب اور قطر کی آئل ریفائنریوں پر حملے ، امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا مسلسل بڑھنا، عالمی کساد بازاری اور بڑھتی مہنگائی کی نئی لہر نے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو تذبذب میں مبتلا کرکے سرمایہ کاری نکالنے پر مجبور کردیا۔ کاروبارہ ہفتے کے آخری روز اسٹاک ایکسچینج میں دو روز کے بعد مندی کے بادل مسلسل چھائے رہے ۔ کاروبار کا آغاز 1593پوائنٹس کمی سے 1لاکھ 52 ہزار 698 پوائنٹس کمی سے ہوا ، دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس 1لاکھ 54ہزار اور 1لاکھ 53ہزار پوائنٹس کی 2 حدیں گرگئیں۔ مندی کے سبب 55.06فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اور اسٹاک سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 87ارب 40کروڑ 29لاکھ 68ہزار 255روپے ڈوب گئے۔
شیئرز کاروبار کے تمام دورانیے میں مسلسل مندی رہی جس سے ایک موقع پر 3564 پوائنٹس کی بڑی کمی سے انڈیکس کی 1لاکھ 51ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1551.51 پوائنٹس کی کمی سے 152740.27 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 18فیصد رہا ۔مجموعی طور پر 474 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 153 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 261 میں کمی اور 60 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔