عید سے قبل مہنگائی بےقابو ہوگئی، قیمتیں گزشتہ سال سے 60 فیصد زیادہ

عید سے قبل مہنگائی بےقابو ہوگئی، قیمتیں گزشتہ سال سے 60 فیصد زیادہ

مردانہ شلوارقمیض3ہزار ،لیڈیز سوٹ کی کم سے کم قیمت6 ہزار روپے ہفتہ قبل 50 روپے کلوبکنے والے ٹماٹر180روپے ہوگئے ،پھل بھی مہنگے

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) عید الفطر سے قبل رمضان کے آخری دنوں میں ہوشربا مہنگائی کے طوفان نے عید کی خوشیا ں بھی پھیکی بنا دیں، متوسط اورسفید پوش طبقے کو دن میں تارے دکھا دینے لگے ، اشیاء ضررویہ سے لے کر عید کے ملبوسات اور ٹرانسپورٹ کرایوں کی شرح تک ازخود بڑھا دی گئی ہے ، مہنگائی کے طوفان نے عید خریداری کے سلسلے اور خوشیوں کو بھی ماند کرڈالا ،تنخواہ دار اورمتوسط طبقہ  ادھار لے کر بچوں کے لئے عید کی خریداری کرنے پر مجبور ہے ، خریداری کا سلسلہ اپنے عروج پر پہنچ گیا ، رات گئے تک تجارتی مراکزمیں رونقیں عروج پر رہیں، زیادہ ترشہری ونڈوشاپنگ کرکے واپس لوٹنے پرمجبورہیں ، ریڈی میڈ گارمنٹس ،میک اپ ، مصنوعی جیولری ، چوڑیاں ،پرفیوم اوردیگر اشیا کی خریدرای کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔

دوسری طرف شیور مرغی کاگوشت (بغیر ہڈی )600، چھوٹا گوشت 2700 ، بڑا گوشت بغیر ہڈی وچربی 1700 تک فروخت کیاجاتارہا جبکہ ایک ہفتہ پہلے 50 روپے فروخت ہونے والے ٹماٹر 150 سے 180روپے کلو تک فروخت کئے جاتے رہے ۔ عید کی خریداری آخری مرحلے میں داخل ہوتے ہی تجارتی مراکز میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اشیا کی قیمتوںمیں 50سے 60 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ۔ ریڈی میڈ مردانہ شلوا رقیمص کم ازکم 3 ہزار اور لیڈیز سوٹ بمعہ ڈوپٹہ 4سے 6 ہزار تک کا ہوگیاجبکہ بر انڈ ڈمردانہ اورلیڈیز سوٹ کی قیمتیں آسمان کوچھو رہی ہیں ، اسی طرح بچوں اور بچیوں کے کپڑے بھی پہنچ سے باہر ہوگئے ہیں، فی سوٹ کم ازکم تین ہزار ہوگیا، اسی طرح میک اپ ، مصنوعی جیولری ، چوڑیاں اوردیگر اشیا کی خریدرای کا سلسلہ بھی عروج پر ہے ۔

دوسری جانب اشیاضررویہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ، سیب 600، امردو 400،خربوزہ 200 ، سٹابری 600 روپے کلو ، کیلے 400 روپے درجن ، ادرک700، لہسن (دیسی ) 300 روپے کلو ہوگئے جبکہ شیور انڈ ے 250درجن فروخت کئے جارہے ہیں۔ اسی طرح بین الصوبائی روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں کی شرح میں ازخوداضافہ کردیا اور معمول سے کم وبیش 60 فیصد اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے ، سپیشل گاڑیاں چلانے کے نام پر اضافی کرایہ لیا جارہا ہے اور بلیک میں ٹکٹس دیے جارہے ہیں۔ عید پر آبائی علاقوں کی طرف پردسیوں کا سلسلہ جاری ہے ، گاڑی اورسیٹ کے حصول میں مسافر گھنٹوں انتظار کرنے اور مختلف اڈوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں