یانگو کا چار شہروں میں نئی ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز
مقصد سفر کی منصوبہ بندی کو زیادہ واضح اور آسان بنانا ہے ،میرال شریف
اسلام آباد (بزنس ڈیسک)یانگو پاکستان جو عالمی ٹیکنالوجی کمپنی یانگو گروپ کا حصہ ہے نے آج کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں اپنی نئی ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یانگو کی سپر ایپ میں شامل اس نئی سہولت کے ذریعے صارفین کو ایک ہی جگہ پر عوامی نقل و حمل کے مختلف راستوں اور ان کے اوقاتِ کار تک رسائی حاصل ہوگی جس سے شہریوں اور سیاحوں کے لیے شہروں میں آمد و رفت زیادہ مؤثر اور آسان بن جائے گی۔اس سروس میں پہلے ہی عوامی ٹرانسپورٹ کے 60 سے زائد راستوں کے تازہ ترین اوقات شامل کیے جا چکے ہیں ۔اس نئی ٹرانسپورٹ سروس کے ذریعے صارفین ایپ میں براہِ راست عوامی نقل و حمل کے ذریعے اپنے سفر کے راستے ترتیب دے سکتے ہیں اور سفر کے دورانیے ، راستے کی تفصیلات اور تبدیلی کے مقامات کی بنیاد پر دستیاب مختلف اختیارات کا آپس میں موازنہ بھی کر سکتے ہیں۔
یہ سہولت پبلک ٹرانسپورٹ کی کئی اقسام کا احاطہ کرتی ہے ، جن میں باقاعدہ بسیں، میٹروبس (بی آر ٹی) اور میٹرو شامل ہیں، جس سے سفر کی منصوبہ بندی پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہو جاتی ہے ، اس معلومات کو ایک ہی جگہ پر فراہم کرنے سے صارفین کو مختلف ذرائع یا ایپس کے درمیان بار بار تبدیلی کرنے کی ضرورت کم ہو جاتی ہے ۔ یوں یانگو کی یہ سہولت شہریوں کو اپنے سفر کی بہتر منصوبہ بندی کرنے میں مدد دیتی ہے اور عوامی نقل و حمل کے استعمال کو مزید سہل بناتی ہے ۔ یانگو پاکستان کی کنٹری منیجر میرال شریف نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں افراد کے لیے عوامی نقل و حمل شہری آمد و رفت کا ایک اہم ذریعہ ہے ۔ ٹرانسپورٹ سروس کے آغاز کے ساتھ ہمارا مقصد سفر کی منصوبہ بندی کو زیادہ واضح اور آسان بنانا ہے۔