سیمنٹ کی مجموعی فروخت اوربرآمدات میں اضافہ ریکارڈ

سیمنٹ کی مجموعی فروخت اوربرآمدات میں اضافہ ریکارڈ

9ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت کاحجم 38.40ملین ٹن رہنے کاامکان ہے مجموعی برآمدات کاحجم 6.97ملین ٹن رہنے کااندازہ لگایا گیا،مینوفیکچررز

اسلام آباد (اے پی پی)سیمنٹ کی مجموعی فروخت اوربرآمدات میں اضافہ ہواہے ۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررزایسوسی ایشن اورٹاپ لائن سیکورٹیز کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت کاحجم 38.40ملین ٹن رہنے کاامکان ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10فیصدزیادہ ہے ۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کاحجم 34.99ملین ٹن ریکارڈکیاگیاتھا،مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ملک کے شمالی شہروں علاقوں میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کاحجم 26.24ملین ٹن رہنے کاااندازہ ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 23.53ملین ٹن کے مقابلہ میں 12فیصدزیادہ ہے۔

اسی طرح مالی سال کے پہلے تین ماہ میں ملک کے جنوبی شہروں وعلاقوں میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کاحجم 5.19ملین ٹن رہنے کااندازہ ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 4.93ملین ٹن کے مقابلہ میں 5فیصدزیادہ ہے ۔ مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات کاحجم 6.97ملین ٹن رہنے کااندازہ ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 6.53ملین ٹن کے مقابلہ میں 7فیصدزیادہ ہے ۔ اعدادوشمارکے مطابق مارچ میں مجموعی طورپر3.65ملین ٹن سیمنٹ کی کھپت کااندازہ ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 3.71ملین ٹن کے مقابلہ میں دوفیصدکم ہے ،مارچ میں 0.67ملین ٹن سیمنٹ کی برآمدات کااندازہ ہے جوگزشتہ سال مارچ کے 0.61ملین ٹن کے مقابلہ میں 10فیصدزیادہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں