ازبکستان کی بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی
پاکستان سے اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، سفیر علی شیر
کوئٹہ(اے پی پی)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے جمہوریہ ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایوف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال اور خصوصا گوادر بندرگاہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیاگیا ۔ملاقات میں زرعی شعبے خصوصا زیتون کی کاشت کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ بلوچستان کے جغرافیائی حالات زیتون کی کاشت کے لیے نہایت موزوں ہیں اور اس شعبے میں مشترکہ منصوبے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ کریں گے بلکہ مقامی معیشت کو بھی مضبوط بنائیں گے ۔اس موقع پر سفیر ازبکستان علی شیر تختایوف نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے ۔