بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ آپریشنز میں نمایاں تیزی، جنید انوار
ہماری بندرگاہوں کی پوزیشنیں مضبوط، معیشت کو خاطر خواہ فائدے کی توقع، وفاقی وزیر ڈی پی ورلڈ چنئی نامی کنٹینر جہاز پہنچنے کا مقصد پاکستانی بندگارہوں پر اعتماد کا اظہار، گفتگو
کراچی(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی بندرگاہیں تیزی سے خطے کے اہم ٹرانس شپمنٹ مراکز کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کر رہی ہیں، جس سے نہ صرف تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت کو بھی خاطر خواہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے ، ان کا کہنا تھا کہ عالمی شپنگ سرگرمیوں میں بہتری اور حکومتی اقدامات کے باعث پاکستان کی بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ آپریشنز میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے ، وزیر بحری امور کے مطابق ڈی پی ورلڈ چنئی نامی کنٹینر جہاز اضافی ٹرانس شپمنٹ کارگو لے کر کراچی پورٹ پہنچ چکا ہے ، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی شپنگ لائنز کا پاکستانی بندرگاہوں پر اعتماد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں پورٹ قاسم پر ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں خاصی تیزی آئی ہے ، جہاں دو جہازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 3 ہزار 485 ٹی ای یوز ٹرانس شپمنٹ کارگو ہینڈل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم پر مجموعی طور پر درآمدات 21 ہزار 537 ٹی ای یوز جبکہ برآمدات 29 ہزار 467 ٹی ای یوز ریکارڈ کی گئیں، محمد جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم کی مجموعی گنجائش 13 ہزار 100 ٹی ای یوز تک ہے ۔ ماہرین کے مطابق ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں اضافہ بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر بنائے گا، لاجسٹکس، شپنگ اور متعلقہ شعبوں میں کاروباری مواقع بھی پیدا ہونگے۔