سہولت بازار کے ریلیف پر عالمی ادارہ معترف، عوامی خدمت ہمارا نصب العین : مریم نواز
ماہ رمضان میں عوامی ریلیف بڑا معاشی اقدام قرار ،ڈی سی ریٹ سے بھی 18 فیصد کم پر اشیا ملتی رہیں سہولت بازار اتھارٹی شاندار ادارہ ،لاکھوں لوگوں کو حقیقی معاشی ریلیف ،ہزاروں کو روز گار ملا:رپورٹ
لاہور(دنیانیوز)عالمی ادارہ اپسوس وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے گڈگورننس ماڈل کا معترف بن گیا، اپسوس نے وزیراعلیٰ کے نگہبان رمضان بازاروں میں عوامی ریلیف کی تائید کر دی اور رمضان المبارک کے دوران پنجاب میں سہولت بازار وں میں عوامی ریلیف کو بڑا معاشی اقدام قرار دیا۔مریم نواز نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ عوامی خدمت اور فلاح و بہبود ہی ہمارا نصب العین ہے۔اپسوس رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران 4کروڑ 6لاکھ افراد نے رمضان بازاروں اور 3 کروڑ 38لاکھ افراد نے سہولت بازاروں کا دورہ کیا، 52لاکھ افراد سہولت آن دی گویونٹس سے مستفید ہوئے۔
پنجاب میں قائم سہولت بازار وں میں سالانہ 18کروڑ 90لاکھ افراد وزٹ کرتے ہیں،جہاں40فیصد تک کم قیمتوں کے ذریعے عوام کو براہ راست ریلیف دیاگیا،سہولت بازاروں میں ڈی سی نوٹیفائی ریٹ سے بھی 18فیصد کم نرخ پر اشیائے خور ونوش فروخت کی گئیں،عوام کو اوپن مارکیٹ کے تناسب سے ایک ارب 10کروڑ اور ڈی سی ریٹ کے تناسب سے 73کروڑ روپے کاریلیف ملا۔
رپورٹ میں بتایاگیا کہ پنجاب میں سہولت بازار اتھارٹی منفرد اور عوامی فلاح و بہبود کااپنی طرز کا شاندار ادارہ ہے ، رمضان کے دوران لاکھوں شہریوں کو حقیقی معاشی ریلیف مہیا کیا گیا بلکہ ہزاروں لوگوں کو روز گار کے مواقع بھی ملے ۔سہولت بازار شفافیت شہری سہولت اور آپریشنل ڈسپلن کاقابل قدر نمونہ ہے ۔واضح رہے کہ اپسوس دنیا بھر میں ریسرچ اور رائے عامہ کے تعین کے لئے غیر جانبدار اور معتبر ادارہ مانا جاتاہے ، پیرس میں قائم عالمی ادارہ اپسوس 90 سے زائد ممالک میں رائے عامہ جانچنے کا کام کررہاہے۔