ڈرون و بیلسٹک میزائلز سے دفاع، یوکرین کا قطر سے بھی معاہدہ
یوکرینی صدر کی امیر قطر شیخ تمیم سے ملاقات ،خطے میں کشیدگی پر تبادلہ خیال خلیجی ممالک سے دفاعی شعبے میں 10سالہ تعاون کی بنیاد رکھیں گے :زیلنسکی
دوحہ،دبئی (اے ایف پی)قطری وزارت دفاع کے مطابق یوکرین اور قطر کے درمیان دفاعی معاہدے کے تعاون پر دستخط ہوگئے ، دفاعی معاہدے میں میزائل اور ڈرون حملوں کے مقابلے کے لیے ماہرین کا تبادلہ بھی شامل ہے ۔قطری وزارت دفاع کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمدآل ثانی اوریوکرینی صدرکی ملاقات بھی ہوئی جس میں یوکرین نے قطرکے دفاع کے لیے بھرپورحمایت کا اعلان کیا۔دونوں رہنماؤں نے فوری جنگ بندی پر زور دیا۔
ملاقات میں ٹیکنالوجی، دفاع اور توانائی میں تعاون بڑھانے پر بات ہوئی، ایران کی جارحیت اور خطے کی کشیدگی پر تبادلہ خیال ہوا،زیلنسکی نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک کے ساتھ کیے گئے معاہدے دفاع کے شعبے میں دس سالہ تعاون کی بنیاد رکھیں گے ۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی صدر نے گزشتہ روز یو اے ای کا غیراعلانیہ دورہ بھی کیا جس میں دفاعی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔جمعہ کو زیلنسکی نے سعودی عرب کا دورہ بھی کیا تھا جہاں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے ۔