پشاور زلمی کی راولپنڈیز،ملتان سلطانز کی اسلام آباد کو شکست
زلمی نے 215 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیندپر حاصل کیا،مائیکل بریسویل مین آف دی میچ ،سلطانز نے 172 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں پورا کیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل میں پشاور زلمی نے راولپنڈیز اورملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈکو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے 215 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا۔زلمی کی جانب سے محمد حارث 47 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ۔ مائیکل بریسویل 35 اور عامر جمال 17 رنز کی دھواں دار باری کھیل کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ۔ اس سے قبل یاسر خان (83)اور کپتان محمد رضوان (41) کی 125 رنز کی اوپننگ شراکت کی بدولت راولپنڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے ۔کامران غلام 37 اور ڈیرل مچل 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سیم بلنگز 18 اور عبداللہ فضل 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا نے 2 جبکہ ایرون ہارڈی اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ پشاورزلمی کے مائیکل بریسویل 17گیندوں پر 35رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرارپائے ۔ادھر چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو یونائیٹڈ نے 8 وکٹوں پر 171 کا ٹوٹل بورڈ پر سجایا۔ مارک چیپمین نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے ، سمیر منہاس نے 28، ڈیون کانوے اور فہیم اشرف نے 26، 26 رنز کی اننگز کھیلیں۔ ملتان سلطانز نے 172 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کرلیا۔