آبنائے ہرمز بندش سے تجارتی سرگرمیوں کوسنگین خطرات، تاجر رہنما
فی کنٹینر 35سوڈالر تک جنگی رسک سرچارج، حیدر آباد کی صنعتیں مشکلات کاشکار
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈانڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے مشرق وسطی میں بڑھتی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی اور خصوصاً آبنائے ہرمزکی ممکنہ بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال نے پاکستان کی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو سنگین خطرات میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر شپنگ روٹس کی تبدیلی، کارگو بکنگ میں رکاوٹیں اور شپنگ کمپنیوں کی جانب سے فی کنٹینر 3500 ڈالر تک جنگی رسک سر چارج کے نفاذ نے ملکی صنعتوں، خصوصاً حیدرآبادکی صنعتوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ خام مال کی ترسیل میں 15 سے 20 دن تک اضافی تاخیر اور فریٹ اخراجات میں غیر معمولی اضافہ صنعتی پیداوار کو متاثر کر رہا ہے اور برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل خطرے میں پڑ چکی ہے۔