بزنس مین گروپ کا فوری معاشی و پالیسی اقدامات کا مطالبہ
سیلز ٹیکس زیرو ریٹنگ فوری طور پر بحال کی جائے ، چیئرمین زبیر موتی والا
کراچی(بزنس رپورٹر)بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ایک خط ارسال کرتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے ممکنہ معاشی اثرات کے پیش نظر فوری مالیاتی، توانائی اور برآمدی پالیسی اقدامات کا مطالبہ کیا ۔خط میں کہا گیا کہ عالمی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں،شپنگ لاگت اور انشورنس اخراجات میں اضافے کابراہِ راست اثر معیشت، بالخصوص برآمدی شعبے پر پڑ سکتا ہے، لہٰذا حکومت فوری ریلیف اقدامات کرے۔ زبیر موتی والا نے مطالبہ کیا کہ برآمدی شعبوں کیلئے سیلز ٹیکس زیرو ریٹنگ فوری طور پر بحال کی جائے کیونکہ ریفنڈز میں تاخیر کی وجہ سے ایکسپورٹرز شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں اور ان کی ورکنگ کیپیٹل بلاک ہورہی ہے جس سے پیداواری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ زیر التوا ٹیکس ریفنڈز فوری جاری کیے جائیں۔