جنگ بندی اقدامات، ہفتے بھر میں اسٹاک مارکیٹ 11فیصد بڑھی
5سیشنز میں 17حدیں بحال، 17ہزار پوائنٹس کی تیزی کانیا ریکارڈ بھی قائم کاروباری ہفتے کے دوران انڈیکس 20ہزار 518پوائنٹس کے بینڈ میں رہا
کراچی(کامرس رپورٹر)جنگ بندی کی خبروں کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے لگا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھی گئی کے ایس ای 100 انڈیکس ہفتہ وار بنیادوں پر ریکارڈ اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 16 ہزار 792 پوائنٹس کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جسکے بعد انڈیکس 11 فیصد اضافے سے بڑھ کر ایک لاکھ 67 ہزار 191 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بھی نمایاں رہا اور 100 انڈیکس 20 ہزار 518 پوائنٹس کے وسیع بینڈ میں ٹریڈ کرتا رہا۔ ہفتہ وار بنیادوں پر انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 68 ہزار 290 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 47 ہزار 771 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، جو مارکیٹ میں غیر معمولی سرگرمی کو ظاہر کرتی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی کے باعث ایک ہفتے میں 203 ارب 60 کروڑ روپے مالیت کے 3 ارب 30 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا، جولیکویڈیٹی میں اضافے اور سرمایہ کاری کے رجحان کی عکاسی ہے ، حصص کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مارکیٹ کی مجموعی مالیت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جو ہفتہ بھر میں 1 ہزار 748 ارب روپے بڑھ کر 18 ہزار 473 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گئی، ماہرین کے مطابق جغرافیائی و سیاسی کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی صورتحال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی، جسکے باعث بینکنگ، توانائی،سیمنٹ اوردیگراہم شعبوں میں خریداری کا رجحان بڑھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر معاشی و سیاسی استحکام برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان آئندہ ہفتوں میں بھی جاری رہ سکتا ہے ، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات بھی بہتر ہو سکتے ہیں۔