کراچی اور فیصل آباد چیمبرز باہمی تعاون مستحکم بنانے پرمتفق

کراچی اور فیصل آباد چیمبرز باہمی تعاون مستحکم بنانے پرمتفق

کراچی چیمبر میں اجلاس، تاجر برادری کے مسائل موثر طریقے سے اٹھانے کافیصلہ ملاقاتوں، دوروں، مستقل مشاورت سے تعلقات فعال رکھے جائینگے ، فاروق یوسف

کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) نے چیمبرز کے درمیان باہمی تعاون کو مستحکم بنانے اور اہم اقتصادی چیلنجز پر مشترکہ طور پر آواز بلند کرنے کے لیے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ کے سی سی آئی اور ایف سی سی آئی باقاعدہ اور منظم انداز میں رابطے برقرار رکھیں گے تاکہ تاجر برادری کو درپیش سنگین مسائل کو مؤثر طریقے سے اجاگر کیا جا سکے اور ان کا حل نکالا جا سکے ۔کراچی چیمبر میں ہفتہ کو منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں ایف سی سی آئی کے صدر فاروق یوسف شیخ کی سربراہی میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر پر مشتمل وفد نے کے سی سی آئی کے عہدیداران سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔کے سی سی آئی کی جانب سے صدر محمد ریحان حنیف، سینئر نائب صدر محمد رضا، نائب صدر عارف لاکھانی اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی اتفاق سے یہ طے پایا کہ آپس کے تعلق کو محض تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے مسلسل ملاقاتوں، دوطرفہ دوروں اور مستقل مشاورت کے ذریعے فعال رکھا جائے گا۔شرکاء نے آئندہ وفاقی بجٹ میں بجٹ کی مختلف اناملیز کو دور کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ ٹیکسوں میں توازن لایا جائے ، طریقہ کار کو آسان بنایا جائے اور کاروبار دوست پالیسیاں متعارف کرائی جائیں تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہوں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد واپس آ سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں