ہمارے 2 جنگی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے ، بارودی سرنگوں کی صفائی شروع : امریکی دعویٰ
ہماری یہ کارروائی چین ، جاپان ، فرانس پر احسان ہے جو اس طرح کا کام کرنے کی ہمت نہیں رکھتے :ٹرمپ دنیا بھر سے ٹینکرزتیل لینے امریکا آ رہے :امریکی صدر ،ہرمز میں آپریشن کیلئے جہاز داخل ہونے کا دعویٰ غلط:ایرانی فوج
واشنگٹن (اے ایف پی)امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM)نے ہفتے کے روز کہا کہ امریکی بحریہ کے دو جنگی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے ہیں، جو ایران کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کے ایک بڑے آپریشن کا آغاز ہے ۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ واشنگٹن نے اس آبنائے کو صاف کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے ، جس کے ذریعے دنیا کا تقریباً پانچواں حصہ خام تیل گزرتا ہے ۔سینٹکام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ آج ہم نے ایک نئے محفوظ راستے کے قیام کا عمل شروع کیا ہے اور جلد اس محفوظ راہداری کو بحری صنعت کے ساتھ شیئر کریں گے تاکہ تجارت کا آزادانہ بہاؤ یقینی بنایا جا سکے۔
اس آپریشن میں شامل جہازوں میں یو ایس ایس فرینک ای پیٹرسن اور یو ایس ایس مائیکل مرفی شامل ہیں، جو گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر ہیں۔ تاہم سینٹکام نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید امریکی فورسز، بشمول زیرِ آب ڈرونز بھی اس کارروائی میں شامل ہو سکتے ہیں۔اس سے قبل امریکی میڈیا ادارے ایکسِیوس نے رپورٹ کیا تھا کہ یہ آپریشن تہران کے حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے بغیر کیا جا رہا ہے ۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھاکہ ہم اب آبنائے ہرمز کو صاف کرنے کا عمل شروع کر رہے ہیں، اور اسے چین، جاپان اور فرانس جیسے ممالک کیلئے ایک احسان قرار دیا جو یہ کام کرنے کی ہمت یا ارادہ نہیں رکھتے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اس تنازع میں بہت نقصان اٹھا رہا ہے ، تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی بارودی سرنگیں اب بھی خطرہ بنی ہوئی ہیں۔
ٹرمپ نے لکھاکہ ان کے پاس بس یہی چیز بچی ہے کہ کوئی جہاز ان کی بارودی سرنگوں سے ٹکرا جائے ۔اس سے قبل ایک پوسٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ دنیا بھر سے خالی آئل ٹینکرز امریکا کی طرف جا رہے ہیں تاکہ وہاں سے تیل خریدا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کے اگلے دو بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک کے مجموعے سے بھی زیادہ تیل موجود ہے اور اس کا معیار بھی زیادہ بہتر ہے ۔ ایرانی فوج نے آبنائے ہر مز میں امریکی جہازوں کے آپریشن کرنے کے دعوے کو مسترد کر دیا ۔ترجمان خاتم الانبیا سنٹرل ہیڈ کوارٹرز نے کہاکہ امریکا کا دعویٰ کہ امریکی جنگی جہازکسی قسم کے آپریشن کیلئے آبنائے ہر مز میں داخل ہوئے رد کیا جاتا ہے ، آبنائے ہر مز سے کسی بھی جہاز کے گزرنے میں ایرانی فوج کو بالا دستی حاصل ہے۔