لاہور ہائیکورٹ : کسٹمز کو 22 سال قبل ضبط 3 کلو سونا، 10 ہزار ڈالر واپس کرنیکا حکم

لاہور ہائیکورٹ : کسٹمز کو 22 سال قبل ضبط 3 کلو سونا، 10 ہزار ڈالر واپس کرنیکا حکم

سونے کی اینٹ بناکر سٹیٹ بینک کو منتقل کردی ،رقم واپس کی جاسکتی :وکیل کسٹمز، اینٹ شہری کو واپس کی جائے :عدالت ریاست نگران ،کسی چیز کو غیرقانونی قبضے میں نہیں رکھ سکتی ،58لاکھ روپے ریفنڈ کا آرڈر غیر قانونی قرار :2رکنی بینچ کا فیصلہ

 لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کے 2رکنی بینچ نے 22سال قبل بیرونِ ملک جانے والے مسافر سے ضبط کیا گیا3کلو سونا اور 10ہزار ڈالرز اصل حالت میں واپس کرنے کا حکم دے دیا، کسٹمز حکام نے انکشاف کیاکہ شہری سے برآمد ہونے والے تین کلو سونے کی اینٹ بنا دی گئی ہے ، جسٹس جاوید اقبال وینس نے حکم دیا کہ شہری کو رقم کے بجائے سونے کی اینٹ واپس کی جائے ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک جاوید اقبال وینس اور جسٹس خالد اسحاق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، کسٹمز حکام نے 2004 میں لاہور ایئرپورٹ سے تین کلو سونا اور 10 ہزار ڈالر بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام میں مسافر کو گرفتار کر کے سونا اور ڈالر ضبط کر لیے تھے، درخواست گزار عباس علی کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ مقدمے سے بری ہو چکا ہے لیکن اس کے باوجود حکام سونا اور ڈالر واپس نہیں کر ر ہے لہذا عدالت حکم جاری کرے۔

عدالت نے قرار دیا کہ سرکاری تحویل میں موجود کسی چیز کی ہیت بدلنے سے مالک کا حقِ ملکیت ختم نہیں ہوتا، ریاست محض ایک نگران ہے اور کسی چیز کو غیرقانونی قبضے میں نہیں رکھ سکتی، فیصلے میں کہا گیا کہ کسٹمز حکام شہری کی قیمتی جائیداد کو اپنی مرضی کی قیمت سے تبدیل نہیں کر سکتے ، آئین کا آرٹیکل 24 شہریوں کو جائیداد کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ، لہٰذا عدالتی فیصلے کے بغیر کسی کو اس کی ملکیت سے محروم نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے کسٹمز حکام کا 58 لاکھ روپے ریفنڈ کا پرانا آرڈر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکام سونا قانونی طریقے سے نیلام کرنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے ، ہتھیائے گئے سونے کی محض قیمت کا تعین واپسی کا نعم البدل نہیں ہو سکتا ،شہری سے ایک لاکھ روپے جرمانہ وصول کیاجائے ، عدالت نے حکم دیا کہ کسٹمز حکام سونا پگھلا کر بنائی گئی سونے کی اینٹ درخواست گزار کے حوالے کریں، جبکہ پٹیشنر کو 10 ہزار ڈالرز یا ادائیگی کے وقت کے ایکسچینج ریٹ کے مطابق پاکستانی روپے بھی ادا کیے جائیں،کسٹمز حکام کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سونا سٹیٹ بینک کو منتقل ہو چکا ہے اور قانون کے مطابق شہری کو صرف فروخت شدہ رقم ہی دی جا سکتی ہے ، عدالت نے کسٹم حکام کا مؤقف مسترد کرکے شہری کی درخواست منظور کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں