قیادت نے نئی خود اعتمادی اور عزت دی، ہر پاکستانی فخر سے سرشار : مریم نواز
خدا نے وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل اور نائب وزیر اعظم کو غیر معمولی اعزاز سے نوازا :وزیراعلیٰ وساکھی میلہ پنجاب کا حسن :مریم نواز ،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی ہفتہ وار رپورٹ طلب
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ کم ہی لوگوں نے تصور کیا ہوگا کہ ہماری قوم عالمی سطح پر قائدانہ کردار ادا کرے گی، مگر آج ہم یہاں کھڑے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور ہمارے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملک کا وقار اور عظمت بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ،ہماری قیادت نے پاکستان کو نئی خود اعتمادی اور عزت بخشی ہے ، جس سے ہر پاکستانی حقیقی معنوں میں فخر محسوس کررہا ہے ،الحمدللہ!۔مریم نواز کا اپنے ایکس میسج میں کہناتھاکہ امریکا ایران مذاکرات پاکستان کیلئے فخر کا لمحہ ہے ،آج کا دن دنیا کے سامنے پاکستانی قوم کی طاقت، وقار اور غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتا ہے ، ملی یکجہتی کو استحکام بخشتے تاریخی لمحات میں ہر پاکستانی فخر سے سرشار ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار کو غیر معمولی اعزاز سے نوازا،فیصلہ کن اور جرات مندانہ قیادت کے ذریعے ایک ممکنہ تباہ کن تصادم کو ٹال دیا گیا، پاکستانی قیادت کی بے مثال مصالحتی کاوشوں کی وجہ سے بے شمار معصوم جانیں محفوظ رہیں اور دنیا کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا،یہی حقیقی قیادت کی اصل روح ہے ، الحمدللہ،خدا پاکستان کو ہمیشہ اپنی حفاظت میں رکھے اور ہماری رہنمائی فرمائے ، آمین۔ بعدازاں مریم نواز نے خصوصی ویڈیولنک اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کر لی اورمثالی گاؤں پراجیکٹس پر پیشرفت جانچنے کے لئے ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا،انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہر شہر میں جاری پراجیکٹس پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ ویسٹ کنٹینر اور کوڑے کرکٹ کے ڈرم وغیرہ کو مستقل صاف رکھنے کا حکم دیا ہے۔
اجلاس میں بتایاگیاکہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت 51شہروں میں پراجیکٹس پر کام جاری ہے ،20اپریل سے پہلی مرتبہ ایچ ڈی پی ای پائپ لائننگ پلانٹ کی انسٹالیشن کی جائے گی،جنوبی پنجاب میں ایچ ڈی پی ای پائپ لائننگ پلانٹ قائم کیا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ماضی میں 5سال میں بھی اتنے پراجیکٹ نہیں ہوسکے جو ہم 2سال میں کر چکے ہیں ۔دریں اثنا مریم نواز نے وساکھی میلے میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے جی آیاں نوں کہا اور سکھ بہن بھائیوں کو وساکھی میلے کی مبارکباد پیش کی۔ان کاکہناتھا کہ وساکھی کے میلے میں ہر چہرے پر خوشی اور پیار کے رنگ چمک رہے ہیں یہی پنجاب کا حسن ہے ،سکھ بہن بھائیوں کی سر زمین پنجاب آمد پر میز بانی کو اعزاز سمجھتے ہیں۔ پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ عملی اقدامات کی صورت میں روز روشن کی مانند عیاں ہے۔