امریکا کیساتھ مذاکرات میں وفد قومی مفادات کا تحفظ کر رہا : ایرانی صدر
مذاکرات کا جو بھی نتیجہ نکلے حکومت عوام کے شانہ بشانہ ،خدمت کا سلسلہ نہیں رکے گا :مسعود پزشکیان کا ایکس پربیان ایران مذاکرات سے فائدہ اٹھا ئے ،فرانس آبنائے ہرمز کی سکیورٹی میں تعاون پرتیار :صدر میکرون کا ایرانی صدرکو فون
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد امریکا کیساتھ مذاکرات میں پوری قوت اورپورے دل کے ساتھ قومی مفادات کا تحفظ کر رہا ہے ،ایرانی وفد جرات و شجاعت سے ایرانی مفاد میں اپنا موقف بیان کرے گا۔ایکس پر اپنے بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں عوام کی خدمت کا سلسلہ نہیں رُکے گا اور مذاکرات کا جو بھی نتیجہ نکلے حکومت عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دوسری طرف فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے گزشتہ روز ٹیلیفونک گفتگو کی۔
اور کہا کہ ایرانی صدر اسلام آباد مذاکرات سے فائدہ اٹھا کر کشیدگی میں کمی لائیں۔فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ خطے کی سلامتی کیلئے تمام متعلقہ ممالک کی شمولیت اور ٹھوس معاہدہ ضروری ہے ، ایران آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی فوری بحال کرے ۔ فرانس آبنائے ہرمز میں بحری سکیورٹی کے لئے تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے ، لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی کی مکمل حمایت کرتے ہیں، لبنان کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق صرف وہاں کے جائز حکام کو ہے ۔