کیلیفورنیا:ناسا آرٹیمس II کے خلا بازوں کی بحفاظت واپسی ،ٹرمپ کی مبارکباد
سان ڈیاگو،واشنگٹن(اے ایف پی)ناسا کا سپیس کرافٹ کیلیفورنیا کے ساحل پر بحفاظت واپس اتر گیا جس نے چاند کے گرد پہلے ٹیسٹ مشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔مشن کے کمانڈر رئیڈ وائزمین نے بتایا کہ عملے کے ارکان کرسٹینا کوچ، وکٹر گلوور اور جیریمی ہینسن مستحکم حالت میں ہیں۔
نا سا کے پبلک افیئرز اہلکار روب نویاس نے لائیو سٹریمنگ میں کہا کہ خلا باز بہترین حالت میں ہیں، ان کے زمین پر واپس آنے کے دوران سپیس کرافٹ کی رفتار آواز کی رفتار سے 30 گنا زیادہ ہوئی اور درجہ حرارت سورج کی سطح کے نصف کے برابر شدید تھا۔ ۔آرٹیمس II کی ری انٹری بغیر کسی مسئلے کے مکمل ہوئی۔ ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جیرڈ آئزاک مین نے کہا یہ ایک مثالی مشن تھا۔ ہم دوبارہ خلا بازوں کو چاند پر بھیجنے کی پوزیشن میں واپس آ گئے ہیں اور یہ صرف آغاز ہے ۔ہم 2028 تک چاند پر لینڈ کرنے اور اپنی بنیاد بنانے تک باقاعدگی سے مشنز بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے آرٹیمس II کے خلا بازوں کی بحفاظت واپسی کے فوراً بعد ان کی تعریف کی اور مستقبل میں مریخ کے لیے مشنز بھیجنے کا عندیہ دیا۔ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر لکھا آرٹیمس II کے عظیم اور بے حد باصلاحیت عملے کو مبارکباد۔ پوری سفر شاندار تھا، لینڈنگ بہترین رہی اور میں بطور صدر بے حد فخر محسوس کر رہا ہوں،انہوں نے مزید کہا میں جلد آپ سب سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کا منتظر ہوں۔ ہم یہ دوبارہ کریں گے ، اگلا قدم مریخ پر ہو گا۔