گیس کی کمی،صنعتی صارفین کیلئے 24گھنٹے کی بندش کااعلان
آج صبح 8سے کل پیرکی صبح 8بجے تک سپلائی معطل، کیپٹو پاور پلانٹس شامل گیس کی دستیابی محدود ہونے پرفیصلہ ناگزیر، گھریلو صارفین کو فراہمی جاری
کراچی(کامرس رپورٹر)سوئی سدرن گیس کمپنی نے سسٹم میں گیس کی کمی کے باعث صنعتی صارفین کیلئے 24گھنٹوں کی عارضی بندش کااعلان کردیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق گیس کی منصفانہ تقسیم اور لائن پیک کو بہتر بنانے کیلئے تمام صنعتی صارفین، بشمول کیپٹو پاور پلانٹس، کو گیس کی فراہمی اتوار 12 اپریل 2026 صبح 8 بجے سے پیر 13 اپریل 2026 صبح 8 بجے تک معطل رہے گی۔ ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے صارفین کو بہتر گیس پریشر کی فراہمی کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے ، تاہم موجودہ صورتحال میں گیس کی دستیابی محدود ہونے کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا تاکہ گھریلو اور دیگر ترجیحی شعبوں کو گیس کی فراہمی برقرار رکھی جا سکے ماہرین کے مطابق گیس کی عارضی بندش سے صنعتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، بالخصوص وہ صنعتیں جو توانائی کے متبادل ذرائع سے مکمل طور پر منسلک نہیں ہیں، کیپٹو پاورپلانٹس کو گیس فراہمی کی معطلی کے باعث پیداواری لاگت میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ صورتحال بہتر ہوتے ہی گیس کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی، جبکہ صنعتی صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق اپنی پیداوار اور توانائی کے انتظامات کو ترتیب دیں تاکہ ممکنہ مشکلات سے بچا جا سکے۔