سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرینگے ، گورنر بلوچستان

سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرینگے ، گورنر بلوچستان

چینی قونصل خانے میں سیمینار،پاک چین معاشی تعاون مضبوط بنانے کا عزم

کراچی(بزنس ڈیسک)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے زیر اہتمام چینی قونصل خانہ کراچی،وفاقی چیمبراور پاک چین اقتصادی تعاون کونسل کے اشتراک سے چینی قونصل خانہ کراچی میں بلوچستان پاکستان کے معاشی مستقبل کی سمت کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا ۔ مہمانِ خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے تاکہ بلوچستان کی معاشی ترقی کو نئی رفتار دی جا سکے ۔چین کے قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ نے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر پاک چین اقتصادی تعاون کونسل کے صدر بایزید کاسی نے پاکستان اور چین کے مضبوط معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے بلوچستان کو صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے اگلا اہم مرکز قرار دیا۔وفاقی چیمبر کے چیئرمین پالیسی ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین،پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر،پاک چین اقتصادی تعاون کونسل کے نائب صدر میر امید بلوچ،سیکرٹری جنرل رائے لوو نے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون کے مزید فروغ اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پربلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے واجد حبیب نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تفصیلی جائزہ پیش کیا۔سیمینار میں رکن بلوچستان اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علاؤالدین مری، کوئٹہ چیمبر کے صدرحاجی ایوب مریانی،ٹھٹھہ چیمبر کے صدر میر جہانگیر خان مری، میر حسن جہانگیر خان مریاور سرکاری حکام، سفارت کاروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں