شرح سود میں مزید اضافہ نہ کیا جائے ،ایف پی سی سی آئی

شرح سود میں مزید اضافہ نہ کیا جائے ،ایف پی سی سی آئی

خطے کی صورتحال کے باعث مہنگائی میں اضافہ عارضی ہے ،عاطف اکرام

کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبرکے صدر عاطف اکرام شیخ نے اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے آئندہ اجلاس سے قبل حکومت اور مرکزی بینک پر زور دیا ہے کہ موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر شرح سود میں مزید اضافہ نہ کیا جائے ، کیونکہ یہ اقدام کاروباری سرگرمیوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث مہنگائی میں حالیہ اضافہ عارضی نوعیت کا ہے ، اس لیے سخت مالیاتی پالیسی اپنانے کے بجائے معیشت کو سہارادینے والے فیصلوں کی ضرورت ہے۔

عاطف اکرام شیخ کے مطابق بلند شرح سود صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو سست کر رہی ہے جسکے نتیجے میں سرمایہ کاری متاثر اور روزگار کے مواقع محدود ہو رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کی بحالی کیلئے شرح سود میں کمی ناگزیر ہو چکی ہے ،آئندہ 12 ماہ کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح تقریباً 7.5 فیصد رہنے کا امکان ہے ، لہٰذا موجودہ سطح پر شرح سود برقرار رکھنا یا اس میں کمی کرنا زیادہ مناسب ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں