آسٹریا مضبوط اور دیرپا تجارتی تعلقات کا خواہاں ،سفیر
موجودہ حالات میں تجارت وسپلائی چین کو متنوع بنانا ناگزیر، وولف گینگ
لاہور (آن لائن)پاکستان میں آسٹریا کے سفیر وولف گینگ اولیور کُٹسچیرا نے کہا ہے کہ عالمی سپلائی چین میں تبدیلیوں کے تناظر میں آسٹریا پاکستان کے ساتھ مضبوط اور دیرپا تجارتی تعلقات کا خواہاں ہے کیونکہ پاکستان کی بڑی مارکیٹ اور اسٹریٹجک اہمیت اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے ۔یہ بات انہوں نے لاہور چیمبرمیں خطاب کرتے ہوئے کہی۔سفیر وولف گینگ اولیور کُٹسچیرا نے کہا کہ موجودہ عالمی غیر یقینی صورتحال میں تجارت اور سپلائی چین کو متنوع بنانا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس روابط اور ادارہ جاتی تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریا پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو اہمیت دیتا ہے اور آسٹریا کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سفارت خانہ اور متعلقہ ادارے تجارتی روابط کو فروغ دینے کیلئے مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔