ایمریٹس گروپ کو قبل از ٹیکس 6.6ارب ڈالر منافع

ایمریٹس گروپ کو قبل از ٹیکس 6.6ارب ڈالر منافع

کیش اثاثے 12فیصد اضافے سے 16.2ارب ڈالر ریکارڈ کئے گئے

کراچی(بزنس ڈیسک)ایمریٹس گروپ نے اپنی 2025-26کی سالانہ مالیاتی رپورٹ جاری کردی جس میں کمپنی نے منافع، آمدن اور کیش بیلنس کی سطح کے نئے ریکارڈ قائم کئے ۔31 مارچ 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے ایمریٹس گروپ کا قبل از ٹیکس 7 فیصد اضافے سے 6.6 ارب ڈالر رہا، منافع کا مارجن 16.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔گروپ کی آمدن 41 ارب ڈالرکی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی جو 3 فیصد زیادہ ہے ۔ کیش اثاثے 12 فیصد اضافے سے 16.2 ارب ڈالرہو گئے ۔ایمریٹس نے دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش ائرلائن کی حیثیت برقرار رکھی ،کیش اثاثے پچھلے سال کے مقابلے میں 12 فیصد اضافے سے 16.2 ارب ڈالرہو گئے ۔گروپ کا قبل ازٹیکس منافع 6.2 ارب ڈالررہا جو 7 فیصد زیادہ ہے ، منافع کا مارجن 17.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ائرلائن کا ریونیو 35.7 ارب ڈالرتک پہنچ گیا جو 2 فیصد زیادہ ہے ۔ کیش اثاثے اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح 15 ارب ڈالرتک پہنچ گئے جو 31 مارچ 2025 کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں۔ایمریٹس ایئرلائن اور گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ ہمارے مالی سال کے آخری مہینے میں قابل ذکر چیلنجز کے باوجود یہ مالیاتی نتائج غیرمعمولی ہیں جو ایمریٹس گروپ کے کاروباری ماڈل کی مضبوطی اور استحکام کا ثبوت ہیں۔

اس ماڈل میں حفاظت، مہارت، جدت، لوگ اور اشتراک شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ نہایت مثبت رہے ، ہماری مصنوعات اور خدمات کی طلب میں مسلسل اضافہ ہوا، آمدن بڑھی۔ پروڈکٹ، لوگوں، ٹیکنالوجی اور برانڈ میں مسلسل سرمایہ کاری کے باعث منافع میں بھی بہتری آئی، ہر مہینے ہم اپنے اہداف سے آگے بڑھ رہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ 28 فروری کو خلیجی خطے بشمول متحدہ عرب امارات میں فوجی سرگرمیوں کے باعث عالمی فضائی ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ جس کے بعد ایمریٹس اور ڈناٹا نے مسافروں اور عملے کی حفاظت، اپنے اثاثوں کے تحفظ اور کاروبار کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارا مرکز دبئی میں ہے ، جہاں کئی برسوں سے انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور ایک مربوط ایوی ایشن نظام نے حکومت کو اس قابل بنایا کہ وہ کمرشل پروازوں کے لیے تیزی سے محفوظ فضائی راستے بحال کر سکے ۔ ایمریٹس اور ڈناٹا نے بھی دبئی ائرپورٹ پر اپنی سرگرمیاں مرحلہ وار بحال کر لی ہیں۔ اگرچہ تعطل سے قبل کے مقابلے میں ابھی مکمل استعداد کے حصول پر پہنچنا باقی ہے ، تاہم، کارگو آپریشنز کو تیز کر دیا گیا ہے تاکہ بذریعہ متحدہ عرب امارات ضروری سامان کی ترسیل جاری رکھی جا سکے۔

شیخ احمد نے مزید کہا کہ ایمریٹس گروپ اس سے پہلے بھی کئی بحرانوں اور رکاوٹوں کو عبور کرچکا ہے ۔ ہر بار ہم نے اپنی توجہ اپنے صارفین اور اپنے لوگوں پر مرکوز رکھی ہے اور ہر بار ہم پہلے سے زیادہ مضبوطی سے واپس آئے ۔ہماری کامیابی میں ہمارے لوگ بنیادی کردار ادا کرتے ہیں جو ہمیں بدلتے ہوئے حالات میں تیزی اور مؤثر انداز میں ردعمل دینے کے قابل بناتے ہیں۔ میں اپنے تمام ملازمین کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، جنہوں نے مشکل وقت میں وہ تمام خوبیاں دکھائیں جو اس مشکل گھڑی میں ایمریٹس گروپ کو منفرد بناتی ہیں۔ ایمریٹس گروپ کو فخر ہے کہ وہ ان کی زیر قیادت دبئی کی ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے ۔ انکے علاوہ ہم اپنے تمام شراکت داروں کے بھی مشکور ہیں، جو عالمی فضائی نظام کو رواں رکھنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا اشتراک اور یکجہتی ہمارے لیے نہایت اہم ہے اور اسی شراکت داری کے جذبے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایمریٹس گروپ کس طرح کام کرتا ہے۔

سال 2025-26کے دوران گروپ نے اپنے ترقیاتی منصوبوں کے تحت نئے طیاروں، سہولیات، آلات اور جدید ٹیکنالوجی پر مجموعی طور پر 4.9ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔گروپ کے ملازمین کی مجموعی تعداد میں 8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 130,919 تک پہنچ گئی، کیونکہ ایمریٹس اور ڈناٹا نے اپنے پھیلتے ہوئے آپریشنز کے لیے دنیا بھر میں بھرتیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اسی دوران یو اے ای کے مقامی ملازمین کی تعداد بھی 4,000 سے تجاوز کر گئی، جو مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کی پالیسی کی کامیابی کو ظاہر کرتی ہے ۔ڈناٹا نے سال 2025-26کے دوران ٹیکس سے قبل اپنا منافع 2فیصد اضافے کے ساتھ 437ملین ڈالرز تک پہنچا دیا۔ کمپنی کے تمام کاروباری شعبوں نے مضبوط کارکردگی دکھائی، بالخصوص ایئرپورٹ آپریشنز، کیٹرنگ اور ریٹیل شعبے قابل ذکر رہے ۔ تاہم ٹیکس کے بعد ڈناٹا کا منافع 367ملین ڈالرز رہا، جو 4فیصد کم ہے ، اور اس کی بڑی وجہ 2025-26میں یو اے ای میں ٹیکس کی شرح میں اضافہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں