اپریل میں ترسیلات کی مد میں 3.50ارب ڈالرموصول

اپریل میں ترسیلات کی مد میں 3.50ارب ڈالرموصول

سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ، برطانیہ اورامریکہ سرفہرست رہے

کراچی (بزنس رپورٹر) سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے اپریل 2026ء کے دوران ترسیلات زر کی مد میں 3.50 ارب ڈالر موصول ہوئے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق ماہانہ بنیاد پر ترسیلات زر میں 7.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم سالانہ بنیاد پر یہ حجم 11.4 فیصد زیادہ رہا جو بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد اور مسلسل مالی تعاون کی عکاسی کرتا ہے ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال2025-26کے ابتدائی دس ماہ یعنی جولائی سے اپریل تک مجموعی ترسیلات زر کا حجم بڑھ کر 33 ارب 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا جب کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اوورسیز پاکستانیوں نے 31 ارب 20 کروڑ ڈالر بھیجے تھے ،اس طرح رواں مالی سال ترسیلات زر میں مجموعی طور پر 8.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مرکزی بینک کے مطابق اپریل 2026 کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں جہاں مقیم پاکستانیوں نے 84 کروڑ 17 لاکھ ڈالر وطن بھیجے ،اسی طرح متحدہ عرب امارات سے 73 کروڑ 47 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 56 کروڑ 37 لاکھ ڈالر جب کہ امریکا سے 31 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کی ترسیلات پاکستان آئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں