پاک فوج کی جرأت اور قربانیاں ہمارا سرمایہ افتخار ہیں، زبیر موتی والا

پاک فوج کی جرأت اور قربانیاں ہمارا سرمایہ افتخار ہیں، زبیر موتی والا

کراچی(بزنس ڈیسک)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے سرپرستِ اعلیٰ زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ پاک فوج کی جرأت اور قربانیاں ہمارا سرمایہ افتخار ہیں،پاک فوج کے بہادر جوان ہمارے محافظ ہی نہیں بلکہ ہمارے کاروبار، صنعت اور ہماری معیشت کے محافظ بھی ہیں۔

جب سرحدیں محفوظ ہوتی ہیں تو صنعتوں کے پہیے چلتے ہیں، بازاروں میں رونق ہوتی ہے اور تجارت پھلتی پھولتی ہے ۔ یہ بات انہوں نے معرکہ حق کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آر سندھ، ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں اور سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سابق نائب صدر محمد فرحان اشرفی، سابق سینئر نائب صدر خالد ریاض اور نائب صدر طاہر گوریجہ سمیت صنعت و تجارت سمیت سول سوسائٹی کی معزز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر و صنعتکار برادری ہمیشہ سے مسلح افواج کی جانثاری اور لازوال قربانیوں کی معترف رہی ہے ۔ ہمارا بھی فرض ہے کہ اپنے کاروباری مفادات سے بڑھ کر قومی مفادات کو ترجیح دیں اور ہر محاذ پر افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔زبیر موتی والا نے تاجر و صنعتکار برادری پر زور دیا کہ وہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھیں کیونکہ ایک مضبوط معیشت ہی مضبوط دفاع کی ضامن ہوتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں