وزیراعظم کی صدر سے ملاقات ، مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کریں: زرداری

 وزیراعظم کی صدر سے ملاقات ، مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کریں: زرداری

مشکل جغرافیائی و علاقائی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور سپلائی چین متاثر ہونے کے باوجود اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے ،آصف علی زرداری کی ہدایت افغان امور پر تبادلہ خیال ، مسلح افواج کی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین ،صنعتوں کو فروغ دیا جائے ،آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اولین ترجیح:شہبازشریف،اجلاس سے خطاب

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک )صدر آصف علی زرداری سے وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال، افغانستان سے متعلق امور اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،صدرِ مملکت نے کہا کہ مشکل جغرافیائی و علاقائی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور سپلائی چین متاثر ہونے کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے ،صدرِ نے مہنگائی میں کمی، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ، ملاقات میں معرکہ حق کے شہدا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا،نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیرِداخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِقانون اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی ملاقات میں موجود تھے۔

دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر اجلاس منعقد ہوا وزیراعظم نے برآمدات پر مبنی صنعت کو ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے نا گزیر قرار دیتے ہوئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کو حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے نئے کاروباروں اور صنعتوں کے فروغ کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے جو ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں، انہوں نے برآمدات پر مبنی صنعت کو ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے نا گزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی توجہ برآمدات میں اضافے اور صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز کئے ہوئے ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،نوجوانوں میں آئی ٹی کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے ،گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لئے کام تیز کیا جائے ۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آسان خدمت کی سہولیات کو صوبوں میں بھی شروع کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں