پٹرول زیادہ مہنگا ہونے کی وجہ سے 117 روپے فی لیٹر لیوی کا نفاذ : پٹرولیم ڈویژن

 پٹرول زیادہ مہنگا ہونے کی وجہ سے 117  روپے فی لیٹر لیوی کا نفاذ : پٹرولیم ڈویژن

قائمہ کمیٹی سینیٹ کا اجلاس، پہلے سے موجود سٹاک پر 55 روپے کیوں بڑھائے گئے :ممبرسیف اللہ لیوی ہمارے بجٹ کی ضرورت ، آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں، اس لئے یہ کرنا ہے :علی پرویز ملک

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)پٹرولیم ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ پٹرول زیادہ مہنگا ہونے کی وجہ 117 روپے فی لٹر لیوی کا نفاذ ہے ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا پیرکو کمیٹی چیئرمین عمر فاروق کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔کمیٹی کو وفاقی وزیر پٹرولیم  علی پرویز ملک اور پٹرولیم ڈویژن حکام نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر رکن کمیٹی سیف اللہ ابڑونے سوال کیا کہ بتایا جائے 28 فروری تک پٹرولیم مصنوعات کا کتنا سٹاک تھا؟ آپ نے 28 فروری کے فوری بعد پٹرول اور ڈیزل 55 ، 55 روپے فی لٹر مہنگا کیا۔حکام پٹرولیم ڈویژن کا کہنا تھا کہ یکم مارچ کے بعد عالمی مارکیٹ میں ڈیزل 285 ڈالر فی بیرل ، پٹرول 150 ڈالر فی بیرل تک گیا، پاکستان کے پاس آج پٹرول کے 30 دن اور ڈیزل کے 27 دن کے سٹاک ہیں۔سیف اللہ ابڑو نے کہاکہ جب جنگ شروع ہوئی تو ملک میں 4 لاکھ 36 ہزار ٹن خام تیل موجود تھا، پہلے سے موجود سٹاک پر 55 روپے کیوں بڑھائے گئے ؟۔وزیر پٹرولیم نے کہاکہ سٹاک اور لیکوئیڈیٹی برقرار رکھنے کیلئے قیمتیں بڑھانی پڑیں۔ سیف اللہ ابڑو نے کہاکہ کمیٹی جاننا چاہتی ہے کہ پٹرولیم پر ٹیکسز اور چارجز کتنے ہیں؟

حکام نے بتایاکہ اس وقت ہمارا ڈیزل اور پٹرول کی بجائے کروڈ آئل خریدنے پر فوکس ہے ، پاکستان میں ڈیزل کی قیمت میں 48 فیصد اضافہ کیا گیا ۔ پٹرول زیادہ مہنگا ہونے کی وجہ 117 روپے فی لٹر لیوی کا نفاذ ہے۔ وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پٹرولیم سٹاکس کو یقینی بنانے کیلئے مہنگی پٹرولیم مصنوعات بھی خریدیں ،پاکستان کے پاس پٹرولیم مصنوعات کے سٹریٹجک سٹاکس نہیں ، پٹرولیم سٹاکس تو کمپنیوں کے پاس ہیں ۔کمیٹی کو وفاقی وزیر نے بتایاکہ پٹرول لیوی کی وجہ سے پٹرول کی قیمت زیادہ ہے ، لیوی ہمارے بجٹ کی ضرورت ہے ،ہم چونکہ آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں اس لئے یہ کرنا ہے ، دیگر ممالک میں جہاں قیمت کم ہے انہوں نے بجٹنگ کی ہے ۔ 80 روپے لٹر لیوی آئی ایم ایف کے ساتھ طے کیا گیا تھا،کاشتکار کو ریلیف دینے کیلئے ایک ماہ ڈیزل پرلیوی کم کی گئی۔کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر پٹرولیم نے کہاکہ پاور ڈویژن اور عوام کو تکلیف سے بچانے کیلئے گیس کا بندوبست کریں گے ، فرٹیلائزر کے تمام پلانٹس کو چلانے کی کوشش ہوگی ،دوست ممالک ہماری بات سن کر امداد کرنے کی کوشش کرتے ہیں، قطر سے ایل این جی کا جہاز ملک میں پہنچ گیا، پورٹ قاسم پر لگنے جارہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں