کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں مندی برقرار
انڈیکس ایک لاکھ 66ہزار کی سطح بھی گنوا بیٹھا، 165596.07پوائنٹس پربند کاروبار کے آغاز پرتیزی، پھر اثرات زائل، 56.08فیصد حصص کی قیمتیں گریں
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مندی برقرار رہی جس سے انڈیکس کی 1لاکھ 66ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔ مندی کے سبب 56.08فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 85ارب 68کروڑ 25لاکھ 40ہزار 845روپے ڈوب گئے ، کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا، ایک موقع پر 426پوائنٹس کی تیزی بھی دیکھی گئی، لیکن حصص کی مسلسل فروخت سے جاری تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ، ایک موقع پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1207پوائنٹس کی مندی کا شکا رہوگیا ، کاروبار کے تمام دورانئے میں سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل اختیار کرنے کے سبب وقفے وقفے سے اتارچڑھاؤ کا رجحان رہا، تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی، نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 902.76 پوائنٹس کی کمی سے 165596.07 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 299.08 پوائنٹس کی کمی سے 49464.92 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 463.69 پوائنٹس کی کمی سے 100017.71 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 1388.16 پوائنٹس کی کمی سے 238952.40 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی 62کروڑ 54لاکھ 53ہزار 907 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 485 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 168 کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ 272 کمپنیوں کے داموں میں کمی اور 45 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔