اسٹاک ایکسچینج،تیزی،ایک لاکھ 64ہزارکی حد بحال
اہم شعبے متحرک،1934پوائنٹس بڑھ کر100 انڈیکس164831پربند 483کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار،302میں اضافہ،141کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس ڈیسک،دنیا نیوز)اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو بھی خریداری کا رجحان برقرار رہا،امریکی صدر کے ایک بار پھرایران کے ساتھ جنگ جلد ختم کرنے کے بیان کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہواجس کے نتیجے میں 100انڈیکس ایک لاکھ 64 ہزار پوائنٹس کی سطح پر بحال ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق صبح کے آغاز میں مارکیٹ میں تھوڑا اتارجڑھاؤ دیکھا گیا اور انڈیکس معمولی حد تک نیچے بھی گرا، تاہم اہم شعبوں میں تیز خریداری کے باعث مارکیٹ نے فوری ریکوری کی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گیا۔ مثبت رجحان کی بدولت مڈ سیشن کے دوران انڈیکس مسلسل اوپر کی طرف بڑھتا رہا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1,934 پوائنٹس یا 1.19 فیصد اضافے سے 164,831 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس اورآل شیئرز انڈیکس میں بھی تیزی دیکھی گئی۔گزشتہ روز 16 ارب 8 کروڑ 91 ہزار 532 روپے مالیت کے 17 کروڑ 25 لاکھ 25 ہزار 351 شیئرز کا لین دین ہوا۔مجموعی طور پر 483 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 302 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ، 141 میں کمی اور 40 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 62ہزار 896 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔