پاک چین دوستی منفرد ،سی پیک کی کامیابی کیلئے پر عزم : وزیر اعظم

 پاک چین دوستی منفرد ،سی پیک کی کامیابی کیلئے پر عزم : وزیر اعظم

دورہ چین کا منتظر ہوں ،چینی قیادت کو تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر مبارکباد

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم  شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ، وہ چین کے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے وزیر اعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی، وفد کی قیادت قومی نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین، تسائی دافنگ کر رہے تھے،یہ وفد پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے، چینی مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 75برسوں کے دوران پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد اور دوطرفہ و علاقائی اہمیت کے حامل امور پر سٹر ٹیجک ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستی کا ایک منفرد رشتہ قائم کیا ہے۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ،قومی نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین، تسائی دافنگ نے وزیراعظم کے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا ، مزید برآں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے برطانیہ کے ساتھ مضبوط، مثبت اور مستقبل پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ، دریں اثنا وزیراعظم سے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی اورملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے ، وفد نے وزیرِ اعظم کو آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں،وزیر اعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے جس نے حکومت کا عوامی فلاح کے حوالے سے ہر اقدام میں ساتھ دیا،وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو بجٹ تجاویز پر غور کرنے اور ایک قابل عمل لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی،علاوہ ازیں شہباز شریف سے منیجنگ ڈا ئریکٹر بیت المال کیپٹن (ر) شاہین بٹ نے ملاقات کی اور ان کو ادارے کی کارکردگی پر جائزہ رپورٹ پیش کی ، وزیرِ اعظم نے کہا کہ مستحق اور نادار افراد کو بروقت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں