موبی لنک بینک کا لیگل ایڈ سوسائٹی کے ساتھ اشتراک
کراچی(بزنس ڈیسک)موبی لنک بینک نے اپنی کاروباری سماجی ذمہ داری(سی ایس آر)اقدام کے تحت لیگل ایڈ سوسائٹی کے ساتھ اشتراک قائم کیا ہے ۔
اس شراکت داری کا مقصد خواتین کو ان کے وراثتی حقوق کے حصول میں قانونی معاونت، متعلقہ خدمات فراہم کرنے اور آگہی بڑھانے کی کاوشوں کے ذریعے مدد فراہم کرنا ہے ۔ یہ اقدام موبی لنک بینک کی مہمThe Invisible Heirsکا تسلسل ہے جس کا مقصد خواتین کو درپیش پیچیدہ وراثتی مسائل اور معاشرتی رکاوٹوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور خواتین میں اپنے جائز حقِ وراثت کے دعوے اور معلومات سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے ۔موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او، حارث محمود چوہدری نے کہا کہ خواتین کی حقیقی مالی خودمختاری کے لیے ایک ایسا جامع نظام ضروری ہے جو صرف بینکنگ کی رسائی تک محدود نہ ہو۔لیگل ایڈ سوسائٹی کی سی ای او بیرسٹر حیا ایمان زاہد نے کہا کہ انصاف تک رسائی اور معاشی آزادی لازم و ملزوم ہیں۔ بہت سی خواتین کے لیے وراثت صرف قانونی حق ہی نہیں بلکہ عزت، تحفظ اور خودمختاری کے حصول کا ذریعہ ہے ۔ ہم موبی لنک بینک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس اہم اقدام کی حمایت کی اور ان خواتین کے لیے انصاف تک رسائی بڑھانے میں اپنا کردار ادا کیا جو اکثر قانونی اور مالیاتی نظام میں شمولیت سے محروم رہ جاتی ہیں۔