فری لانسرزنے 10 ماہ میں 95 کروڑ ڈالر زرمبادلہ کمالیا
عالمی و مقامی مشکلات کے باوجود سالانہ بنیادوں پر 49فیصد ریکارڈ اضافہ بھارت، چین، یواے ای سے بہتر کارکردگی دکھائی ، صدر پیفلا ڈاکٹر عمران
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستانی فری لانسرز نے ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران 95 کروڑ ڈالر سے زائد زرمبادلہ کمایا ہے ، انہوں نے یہ زرمبادلہ متعدد عالمی و مقامی مشکلات کے باوجود کمایا ہے ۔ پاکستانی فری لانسرز نے بھارت، چین، متحدہ عرب امارات اور کئی دیگر ممالک کے فری لانسرز سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز کے شعبے میں فری لانسنگ کے ذریعے حاصل ہونے والی برآمدی آمدن جولائی تا اپریل 95 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ رقم 64 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھی۔
اس طرح سالانہ بنیاد پر 49 فیصد یعنی 31 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن(پیفلا)کے صدر اور سی ای او ڈاکٹر عمران بٹادا نے کہا کہ فری لانسرز کی آمدن میں اضافہ مختلف فری لانسنگ پلیٹ فارمز، بشمول اپ ورک، فائیور اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستانی فری لانسرز کی بڑھتی شمولیت کے باعث ممکن ہوا ۔ عمران بٹادا کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں فری لانسنگ کے بارے میں آگاہی میں بے پناہ اضافہ ہوا جس کے باعث بڑی تعداد میں افراد نے مہارتیں حاصل کیں۔ڈاکٹر عمران بٹادانے کہا کہ پاکستان کی فری لانسنگ کمیونٹی کا حجم تقریباً 30 لاکھ افراد پر مشتمل ہے ، اور حکومت، بینکاری شعبے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون سے اس تعداد میں منظم انداز میں مزید اضافہ ہونا چاہیے۔