آسٹریلوی کپتان مچل مارش پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر
مچل مارش ٹخنے کی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوئے ، وکٹ کیپر جوش انگلس سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے ،کرکٹ آسٹریلیا بنگلا دیش کے وائٹ بال ٹور کیلئے مارش کی دستیابی کا فیصلہ بعد میں ہو گا،آسٹریلیا کا پاکستان کیخلاف اوپننگ کمبی نیشن کیلئے نئے آپشنز پر غور
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلوی کپتان مچل مارش انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے جس کے باعث جوش انگلس سیریز میں مہمان ٹیم کپتانی کے فرائض انجام دیں گے ۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 30مئی کو راولپنڈی میں شیڈولڈ ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا نے مچل مارش کے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مچل مارش ٹخنے کی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوئے ، وکٹ کیپر جوش انگلس سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے ۔کرکٹ آسٹریلیا نے بتایا کہ مچل مارش نے آئی پی ایل میں لکھنؤ سپر جائنٹس کا آخری میچ مس کیا تھا، مچل مارش علاج اور مزید معائنے تک پرتھ میں رہیں گے ، بنگلا دیش کے وائٹ بال ٹور کے لیے مچل مارش کی دستیابی کا فیصلہ بعد میں ہو گا۔تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 30 مئی کو راولپنڈی میں شیڈولڈ ہے جبکہ دو اور چار جون کو میچز لاہور میں ہوں گے ۔آسٹریلیا کی ٹیم اب پاکستان کے خلاف اوپننگ کمبی نیشن کے لیے نئے آپشنز پر غور کر رہی ہے ۔ میتھیو شارٹ کے ساتھ ایک نئے اوپنر کو آزمایا جا سکتا ہے جب کہ ایلکس کیری کو بھی اوپر بیٹنگ کے لیے بھیجے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی عیدالاضحیٰ منانے اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں اور سکواڈ جمعرات کو دوبارہ راولپنڈی میں اکٹھا ہوگا۔