معاشی طاقت کے لحاظ سے چین کا کوئی ثانی نہیں:وزیر اعظم
یقین دلاتا ہوں چھوٹے چینی معاشی ماڈل نافذ کرنے کے اہداف حاصل کرینگے سی پیک پر عمل تیز کیا جائیگا:وزیر اعظم، وطن واپسی ، ترک صدر سے ٹیلیفونک رابطہ
بیجنگ (دنیا نیوز، اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین دنیا کے لیے قابلِ تقلید ماڈل ہے ، معاشی طاقت کے لحاظ سے چین کا کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان میں چینی طرز کے چھوٹے معاشی ماڈل کو نافذ کرنے کے اہداف حاصل کیے جائیں گے ۔پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بیجنگ میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی نائب صدر ہین ژینگ نے شرکت کی اور یادگاری کیک کاٹا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین نے گزشتہ 75 برس میں بے مثال ترقی کی، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں کروڑوں افراد غربت سے باہر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ چین محنت اور مسلسل کوششوں سے ایک عالمی اقتصادی اور عسکری طاقت بنا، جو دنیا کے لیے ایک شاندار مثال ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ چین کی قیادت کا فلسفہ امن کے فروغ پر مبنی ہے ، جو انہیں دنیا کے سب سے زیادہ قابلِ احترام رہنماؤں میں شامل کرتا ہے ۔
دریں اثنا چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کی معاشی خودمختاری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ سی پیک 2.0 پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں زراعت کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت، تحقیق و ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر آہنی دوستی کو نئے انقلاب میں بدلا جائے گا۔ وزیراعظم نے تجویز دی کہ پاکستان کے چاروں صوبوں سے ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو چینی جامعات میں جدید تربیت کے لیے بھیجا جائے گا، اور انتخاب میرٹ پر ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں دیا گیا اعزازی پروفیسر شپ کا سرٹیفکیٹ ان کے لیے نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی و تکنیکی تعاون کو وسعت دینے کے لیے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم کی مختلف چینی کمپنیوں کے وفود سے ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں سی پیک کے دوسرے مرحلے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف چین کا چار روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ، قبل ازیں دورے کے اختتام پر چینی وزارتِ خارجہ کی نائب وزیر اور چین-سی ای ای سی تعاون سیکرٹریٹ کی سیکرٹری جنرل ہوا چون ینگ نے وزیراعظم کو بیجنگ سے الوداع کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کو عید الاضحی کی مبارک باد دی ، دونوں رہنمائوں نے اعلی ٰ سطح ملاقاتوں میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانے پر اتفاق اور خطے میں جاری امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ۔