ایشین بینک کے تعاون سے تر قیاتی منصوبوں کو نئی رفتار ملے گی : مریم نواز

ایشین بینک کے تعاون سے تر قیاتی منصوبوں کو نئی رفتار ملے گی : مریم نواز

جدید شہری انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور پبلک سروسز کی بہتری کیلئے تیزی سے اقدامات کر رہے ہیں:وزیراعلیٰ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال،وزیراعلیٰ کی حجاج کرام کو مبارکباد

لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کونسٹنٹین لیمیٹوسکی نے ملاقات کی، جس میں بینک کی ڈائریکٹر جنرل ژاہونگ  یانگ بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون، ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر پنجاب میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کا تعاون صوبے میں اربن کلچر کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کو نئی رفتار دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ لاہور میں پانی اور صفائی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کیلئے ایم او یو پر دستخط کرنے پر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون کو سراہتے ہیں،باہمی معاہدے پنجاب کی ترقی اوراصلاحاتی ایجنڈے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے اعتماد کامظہر ہے ،لاہور ویسٹ واٹر اینڈ ڈرینج مینجمنٹ پروجیکٹ سیوریج نیٹ ورک اور بابو صابو میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے ڈرینج سسٹم میں بہتری آئے گی۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے تعاون اربن کلچر میں مثبت تبدیلی کا باعث ہوگا ،ماحولیاتی تحفظ اور صحت عامہ میں بہتری کی طرف تیزی سے گامزن ہیں،پنجاب نئے شہری طرز حکمرانی کے ماڈل کی طرف بڑھ رہاہے ۔ ڈیٹاپلاننگ، ٹیکنالوجی مانیٹرنگ اور موسمیاتی سمارٹ انفراسٹرکچر سے عوام کے طرز زندگی میں بہتری آئے گی۔ پنجاب حکومت صاف پانی،صحت اور بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی آر بی ڈی کینال میں مجوزہ سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے بینک کا تعاون قابل قدر ہے ، اس منصوبے سے ماحولیاتی تحفظ اور صحتِ عامہ کی صورتحال بہتر ہوگی،پنجاب حکومت جدید شہری انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور پبلک سروسز کی بہتری کیلئے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے۔

مریم نواز شریف نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کی باضابطہ پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈیٹا پلاننگ، ٹیکنالوجی مانیٹرنگ اور موسمیاتی سمارٹ انفراسٹرکچر کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے وفد کو بتایا کہ باکو اربن فورم کے 13ویں سیشن میں پنجاب حکومت کے ‘‘اپنی چھت، اپنا گھر’’ پروگرام کو سراہا گیا، جس کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر کا ہدف حاصل کیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں الیکٹرک بسوں اور ای بائیک پروگرام سمیت ماحول دوست ٹرانسپورٹ منصوبے بھی کامیابی سے جاری ہیں۔دریں اثناء مریم نوازشریف نے حج کے موقع پر خصوصی پیغام میں فریضہ حج ادا کرنے کیلئے حرم شریف میں موجود تمام حجاج کرام کو مبارکباد دی ہے ۔اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے حجاج کرام سمیت تمام مسلمانوں سے دنیا بھر میں امن، سکون اور سلامتی کے لئے دعا کی بھی اپیل کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں